مودی‘ البغدادی سفاک حیوان اور ایک جیسے دہشتگرد ہیں: الجزیرہ ٹی وی
کراچی (آن لائن) الجزیرہ ٹی وی نے بھارتی وزیر اعظم مودی اور داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو سفاکی اور حیوانیت میں ہم پلہ قرار دیتے ہوئے دونوں کو ایک جیسا دہشت گرد قرار دیا ہے۔ ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس کے مطابق بھارتی فوج اپنے وزیر اعظم کے حکم پر نہتے کشمیریوں اور ان کے معصوم بچوں کو آزادی کے لیے آواز اٹھانے پر ان کے خلاف انسانیت دشمن کلسٹر بموں کا استعمال کر رہی ہے کیونکہ ابوبکر البغدادی نے بھی اپنے تخریبی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے شام کے نہتے لوگوں پر کلسٹر بم برسائے تھے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج وہی زیڈ پی 39 کلسٹر بموں کا استعمال کر رہی ہے، جو داعش کے جنگجوؤں نے شام کی معصوم عوام پر برسائے تھے۔ الجزیرہ سے وابستہ بین الاقوامی شہرت کے حامل صحافی اسامہ بن جاوید نے اپنی اس رپورٹ میں وادی نیلم پر بھارت کی جانب سے گرائے گئے کلسٹر بموں کی تصاویر بھی بطور ثبوت دکھائی ہیں۔ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ان کلسٹر بموں کے علاوہ بھارت نے اسرائیل کے تیار کردہ مہلک بموں کا بھی استعمال کیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں بھارت کی بربریت اور جنگی جنون پر عالمی اداروں اور ان کی بے حِس خاموشی پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔