مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات ختم کرائے جائیں : شاہ محمود کا اقوام متحدہ ہائی کمشنر کو پھر خط
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشعل بیچلیٹ کو ایک اور تازہ خط کے ذریعہ کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں، عالمی قانون اور بھارت کے اپنے وعدوں کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت سے یک طرفہ اقدامات واپس لینے، کرفیو ہٹانے اور دیگر سخت اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کرے۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اس خط میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب بھی ان کی توجہ دلائی ہے۔خط میں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے مضمرات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اس خط میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے۔ مواصلاتی رابطے منقطع کر دیئے گئے ہیں اور کشمیری سیاستدانوں کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے خط میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ کا یہ خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور رکن ممالک کے سامنے پیش کیا جائے گا۔