پاکستان ہندو کونسل نے کرشنا جنم دن کو یوم یکجہتی کشمیر سے منسوب کر دیا
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے"کرشنا جنم دن" کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کردیا، پاکستانی ہندو کمیونٹی کے زیراہتمام تقریبات میں وزیر اعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے.جمعہ کے روز اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی غرور و تکبر ترک کرکے کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کی تلقین کردی. ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہبھارت مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کررہا ہے جبکہ پاکستان میں ہندووں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر بھی سخت رنج و غم کا اظہار کیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کو عید کی نماز تک ادا نہیں کرنے دی گئی، عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے. ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا مزید کہنا تھا کہ 24 اگست کو پنجاب کے علاقے رحیم یار خان کے شہر صادق آباد میں ہزاروں محب وطن پاکستانی ہندو کرشنا جنم دن کا مقدس تہوار مناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے خصوصی پراتھنا، دعائیں بھی مانگیں گے،دریں اثناوزیر اعظم عمران خان بھی ہندو کمیونٹی کی دعوت پر 31 اگست کو عمرکوٹ میں عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے۔