پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کوئی بیان نہیں دیا: سری لنکن صدر
کولمبو (انٹر نیشنل ڈیسک) سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کے دفتر نے مقبوضہ کشمیر اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی سے متعلق بیانات سے خود کو علیحدہ کر لیا۔ سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر شاہد احمد حشمت اور سری لنکن صدر کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستانی ہائی کمشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ میتھری پالا سری سینا نے اعتراف کیا کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اور خواہش ظاہر کی کہ تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ سری لنکن صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے لئے سری لنکا کی ثالثی اور سہولت کاری کی پیشکش کی ہے تاکہ علاقائی تعاون کے لئے جنوبی ایشیا کی تنظیم (سارک) کو دوبارہ بحال کیا جائے۔