تاجر برادری کے انکم و سیلز ٹیکس سے متعلق مقدمے شروع نہیں کریں گے: چیئرمین نیب
لاہور‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بزنس کمیونٹی کے انکم و سیلز ٹیکس سے متعلق مقدمات شروع نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے وفد نے چیئرمین نیب جاوید اقبال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کی خدمات کی قدر کرتا ہے اور ان کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کے انکم و سیلز ٹیکس سے متعلق مقدمات نہیں سنے گا اور نیب میں انکم و سیلز ٹیکس سے متعلق مقدمات ایف بی آر کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ انہوں نے ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان کی فلور ملز مالکان کو جاری نوٹس بھی معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب انسان اور کاروبار دوست ادارہ ہے اور اس کی اولین ترجیح تاجر برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔ دوران خطاب چیئرمین نیب نے ان 'افواہوں' کو مسترد کیا کہ نیب کی کارروائیاں کاروباری برادری کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'بزنس کمیونٹی ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تاجروں کی خوشحالی سے ہی ملک کی خوشحالی ہے اور نیب اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے ہی اپنا کردار ادا کر رہا ہے'۔