گولی کشمیریوں کا جذبہ ختم نہیں کر سکتی: گورنر سرور، یکجہتی کیلئے دن منائیں گے، آئندہ ہفتے عمران خطاب کرینگے: فردوس عاشق
لاہور(نیوزرپورٹر) گور نر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ امن ہو یا جنگ کر تاپور راہداری منصوبہ نومبر تک ہر صورت مکمل کر دیا جائے گا۔بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہوگی ۔وزیر اعظم عمران خان کشمیر یوں کے سفیربن کر دنیا میں ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔بھارت اسرائیل سے بڑا ظالم اور دہشت گرد بن کر کشمیر یوں پر مظالم کر رہا ہے ’بندوق ‘گولی اور کر فیو کشمیر یوں کے جذبہ کو ختم نہیں کر سکتا ۔نر یندر مودی امن اور انسانیت کا بدتر ین دشمن ہے ۔وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے آنکھیں بند کر نے کی بجائے کشمیر یوں پرہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات ونشر یات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پر یس کانفر نس ، چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر بدترین ظلم کر رہا ہے مگروہاں انسانی حقوق کی تنظیموں اور پار لیمنٹیر ین سمیت میڈیا کو جانے کی اجازت ہوتی ہے مگر نر یندر مودی کی دہشت گردی اسرائیل سے کئی گنا زیادہ ہے جس نے کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے اور وہاں کسی کو جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی کشمیری اپنے گھر وں سے نکل سکتے ہیں۔ یہ تاریخ کا بدترین ظلم اور دہشت گردی ہے جس کا اقوام متحدہ سمیت تمام اداروں کو سخت اور فوری نوٹس لینا ہوگا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کشمیر یوں کیساتھ کھڑا ہے اور ہر فورم پرکشمیر یوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران ہٹلر سے بھی زیادہ ظالم نر یندر مودی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر یں گے اور دنیا پر زور دیں گے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کیلئے اپنا کردار ادا کر یں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔ کر تار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے بھارت پہلے دن سے ہٹ دھر می کا مظاہر ہ کر رہا ہے مگر تمام تر حالات کے باوجود پاکستان کر تارپور راہداری منصوبے پر تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور انشاء اللہ باباگرونانک کے550 ویںجنم دن سے پہلے پاکستان ہر صورت کر تار پور راہداری منصوبے کو مکمل کر ے گا اور باباگرونانک کے جنم دن کی تقر یبات کی تیاریوں کے حوالے سے 31 اگست کو گور نر ہائوس لاہور میں انٹر نیشنل سکھ کنونشن بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم محسوس کرتا ہے، اسلام کہتا ہے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، وزیراعظم عمران خان باربار دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی جانب متوجہ کر رہے ہیں، بدقسمتی سے کچھ مسلمان ممالک کشمیر کا زخم محسوس نہیں کر رہے۔ ان کے اپنے معاشی مفادات ہیں، دنیا اس وقت خواب خرگوش میں مبتلا ہے، انسانی حقوق کے چیمپئین ممالک کو مسلسل کشمیر کی صورتحال باور کرانے کی ضرورت ہے۔مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں کو پاؤں تلے روند دیا، اس کے ساتھ ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرے، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کو پیغام دیتے ہیں حضور جنگ شروع آپ نے کرنی ہے ختم ہم کریں گے۔جنگ ہم پر تھوپی گئی تو نئی دہلی میں جا کرجنگ ختم کریں گے۔ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت سکھوں کا رشتہ ان کے مذہبی مقامات سے مضبوط کرے گی۔ حالات کیسے بھی ہوں حکومت ان کے ساتھ ہو گی، پاکستان سکھوں کے مذہبی حقوق کو تسلیم کرتا ہے، مذہبی مقامات پر آنا ان کا مذہبی، قانونی اور اخلاقی حق ہے، کرتارپورپہنچنا سکھوں کا خواب تھا جسے ہم پورا کر رہے ہیں، لیکن دوسری جانب بھارت سکھوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے گریزاں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منائے گی۔ کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مختلف تقریبات ہو رہی ہیں۔پوری قوم کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کر رہی ہے، کشمیر میں مواصلاتی نظام بند اور عالمی صحافیوں پر پابندی ہے، وزیراعظم بھی آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کریں گے۔