ماضی میں عوام کو علاج کی معیاری سہولیات سے محروم رکھا گیا: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پاکپتن ،اوکاڑہ اورساہیوال کے لئے صحت انصاف کارڈ سکیم کا افتتاح کردیا۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال ڈویژن کیلئے 80کروڑ روپے کے7میگاپراجیکٹس اورپولیس کمپلینٹ سیل، کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگ لیب،پکار 15کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال کی اپ گریڈ یشن سمیت 1ارب19کروڑ روپے کے تین میگاپراجیکٹس کا بھی اعلان کیا۔سرکٹ ہاؤس ساہیوال پہنچنے پر چیچہ وطنی کی ماڈل کیٹل مارکیٹ،قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم ساہیوال کی تعمیر نو اورفلڈ لائٹس کی تنصیب ،کمیر میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج،میونسپل کمیٹی آفس،آر ایچ سی میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اوررینالہ خورد میں 60بیڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔موسم برسات کی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورمہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا۔ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سفید پوش عزت و احترام سے نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کراسکیں گے۔ نجی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ ہولڈر کا علاج، ادویات اور ٹیسٹ وغیرہ فری ہوں گے، بل حکومت ادا کرے گی۔صحت انصاف کارڈ کے مریض کو آمد و رفت کیلئے کرایہ بھی دیا جائے گا۔ 24 اضلاع میں 67 لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہو رہے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی منصوبے میں ساہیوال ڈویژن کیلئے 68 ارب روپے کے 316 پراجیکٹس شامل ہیں۔ 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 50 کروڑ پودے لگائیں گے۔ پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی نگہداشت اصل ذمہ داری ہے۔عثمان بزدار نے ساہیوال کول پاور پلانٹ کا دورہ کیا اورپلانٹ کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔عثمان بزدارنے اوکاڑہ ، پاکپتن ، بہاولنگر اور قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال کول پاور پلانٹ سے دورے سے واپسی پر پائلٹ کو ہیلی کاپٹر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی جانب موڑنے کی ہدایت کی۔عثمان بزدار نے کہاکہ سیلابی پانی میں گھرے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مد د کی جا رہی ہے۔متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں۔ عثمان بزدار نے راولپنڈی ، لاہور اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ محکمے اور ادارے ڈینگی کی روک تھام کے لئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔انسداد ڈینگی کیلئے وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔