ستوکتلہ میں 35 گھروں کو چوری کی گیس سپلائی کرنیوالا نیٹ ورک پکڑا گیا
لاہور(نیوزرپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن یو ایف جی کی ٹیم نے گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے 35گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے۔ جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن طیب فیصل کے مطابق گیس چوری کی روک تھام کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔اور اس سلسلہ میں چیف انجینئر عمران صفدر ورک اور ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی نگرانی میں یو ایف جی کی ٹیم کے انچارج چوہدری شرافت علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر گزشتہ روز ستوکتلہ واپڈا ٹاؤن میں چھاپہ مارا ہے جہاں سوئی گیس کمپنی کی مین سپلائی لائن سے کٹ لگا کر بائی پاس کے ذریعے بڑے پیمانے پر گیس چوری کی جا رہی تھی‘ جس میں چھاپہ کے دوران 35گھروں کا نیٹ ورک پکڑا گیا ۔ مافیا پلاسٹک کے پائپوں کے ذریعے 35گھروں کو گیس سپلائی کرکے ہرگھر سے ہزاروں روپے ماہانہ بل بھی وصول کر رہا تھا۔ سپلائی پائپ لائنوں کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔گیس چور مافیا یو ایف جی کی ٹیم کو دیکھتے ہی گھروں کو تالے لگا کر فرار ہوگئے۔گیس چوروں کے خلاف مسلسل دو گھنٹے تک آپریشن کیا گیااور آپریشن مکمل ہونے پرگیس چوروں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانہ ستوکتلہ میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔