• news

بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے جاری: پشاور میں ہزاروں افراد کا ’’کشمیر بچائو‘‘ مارچ

لاہور، گجرات (خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے اور ریلیاں جاری ہیں۔ آزادکشمیر میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے بھرپور احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے، سکھر اور ٹھٹھہ میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سجیت گڑھ ورکنگ بائونڈری کی جانب ہزاروں افراد نے مارچ کیا۔ مارچ کے شرکاء نے زیرو لائن پر بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مارچ کے شرکاء نے کشمیر اور پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حالات نے ثابت کردیاہے کہ مودی اور ٹرمپ نے باقاعدہ منصوبہ بندی سے ہمارے وزیراعظم کو ٹریپ کیا اور وزیراعظم ان کے دھوکے میں آگئے۔ ٹرمپ کو ثالثی کا موقع دینا اپنی گردن کاٹنے کے لیے اس کے ہاتھ میں چھری پکڑانے کے مترادف ہے۔ افغانستان میں امن کا قیام ہماری ضرورت ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ امریکی فوج جلد از جلد افغانستان سے نکل جائے ۔ ٹرمپ کی ثالثی کے اعلان پر خوشیاں منانے والے حکمران تاریخ سے سبق سیکھیں ۔ امریکہ نے ایک بار نہیں بار بار پاکستان کو دھوکہ دیا ہے ۔ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ پاکستان کی بقا اور سا لمیت کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے اگر پاکستان کو بنجر اور صحرا بننے سے بچانا ہے تو کشمیر کو آزاد کرانا ہوگا۔ پاکستان کی شہ رگ کٹ رہی ہے اور ہمارے حکمران تماشا دیکھ رہے ہیں۔ اسلام آباد کے سنگ مر مر کے قبرستان میں بیٹھے حکمران نہ اٹھے تو کراچی سے چترال تک غیور پاکستانی اٹھیں گے اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔ سری نگر کو بھارت کا قبرستان نہ بنایا تو انڈیا یہ لڑائی لاہور ، سیالکوٹ اور مظفر آباد تک لے آئے گا۔ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو الگ ملک بنانے والی اقوام متحدہ کشمیر پر گونگی بہری اور اندھی ہو جاتی ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک لڑنا پڑا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وہ دن آنے والا ہے جب سری نگر پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گا۔ یکم ستمبر کو کراچی میں کشمیر بچائو مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں کشمیر بچائو مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کشمیر بچائو مارچ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے۔ کشمیر بچائو مارچ میں ہزاروں لوگو ں نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر ی 72 سال سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اب تک انہوںنے تکمیل پاکستان کی جنگ میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ لاکھوں کشمیریوں کا قاتل مودی ہماری فضائیں استعمال کر رہا ہے اور حکومت تماشا دیکھ رہی ہے ۔ مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور کچھ مسلم حکمران مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دے رہے ہیں۔ امیر جماعت ا سلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ درندہ صفت خونخوار مودی نے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔ مسجدوں پر تالے پڑے ہیں ۔ لاکھوںفاقہ زدہ کشمیری اپنے گھروں میں قید ہیں اور چٹان کی طرح کھڑے ہیں، کشمیر ی کبھی تھکے اور جھکے نہیں۔ سراج الحق نے کہا اس لمحے میں حکومت آگے نہ بڑھی تو سقوط غرناطہ، سقوط ڈھاکہ سے بڑا سانحہ ہوسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن