چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیف منسٹر پنجاب نیشنل کراٹے چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی، آرمی کی مردوخواتین کی ٹیمیں رنر اپ رہیں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر عاقل شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اختتامی روز واپڈا کے سعدی عباس نے 75کلوگرام سے کم کیٹیگری میںسونے کا تمغہ جیت لیا، 84کلوگرام سے زیادہ کیٹیگری میں واپڈا کے باز محمد کا‘ واپڈا کے ہی نصیر احمد اور محمد اویس نے 67کلوگرام اور 84کلوگرام سے کم کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی، 55کلوگرام سے کم کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے مراد نے میڈل جیت لیا۔خواتین کے 55،68 کلوگرام سے کم اور 68کلوگرام سے زیادہ کی کیٹیگری میں واپڈا کی فخرالنساء کلثوم ہزارہ اور نرجس نے کامیابی حاصل کی، 61کلوگرام سے کم کیٹیگری میں ریلوے کی ثریا نے سونے کا تمغہ جیتا۔ مینز میں واپڈا نے سونے کے 8 اور کانسی کے 2تمغے جیتے، آرمی نے سونے کا ایک، چاندی کے 7اور کانسی کاایک تمغہ حاصل کیا‘ بلوچستان نے سونے کا ایک اور کانسی کے 5میڈلز جیتے، ریلوے نے چاندی کا ایک اور چاندی کے 6میڈل لئے، خیبر پختونخوانے سونے اور چاندی کا ایک، ایک اور کانسی کے 2تمغے جیتے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چاندی کاایک اور کانسی کے تین میڈلز جیتے، سندھ نے کانسی کا ایک تمغہ جیتا۔