• news

اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاری، قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا لاہور میں آ ج سے آغاز ہو گیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کواولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کا چیلنج درپیش ہے، لاس اینجلس اولمپکس1984ء کی فاتح ٹیم کے کپتان منظور جونیئر کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی نے 32 کھلاڑیوں کو فائنل کیا،کپتان رضوان سینئرکیساتھ عرفان سینئرکو بھی کیمپ سے باہر کر دیا گیا ہے، بھاری معاوضے پریورپی لیگز کھیلنے والے عمر بھٹہ اور راشدمحمود کی بھی چھٹی کرادی گئی۔ نئی سلیکشن کمیٹی نے جن 32 کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا ہے ان میں 6 فل بیکس، 7 ہاف بیکس اور19 فارورڈز شامل ہیں۔پلیئرز میں مبشر علی، ایم علیم بلال، اسد عزیز، رضوان علی، سمین، سہیل منظور، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، ایم اظفریعقوب، فیصل قادر، جنید منظور، ایم توثیق ارشاد، سکندر مصطفیٰ، شان ارشاد، جنید کمال، علی شان حماد انجم، رانا وحید، عتیق ارشد، علی عزیز، ایم عاطف مشتاق، تظیم الحسن، ارسلان،خضر اختر، رانا سہیل ریاض، ایم عدیل، سمیع اللہ ، معین شکیل سلیمان، عدیل خان اور اشعر طارق شامل ہیں۔ شاہد علی خان کی نگرانی میں گول کیپر کیمپ بھی گزشتسہ روزختم ہوگیا،کیمپ میں 2 سے 3 ٹاپ گول کیپرزکوسینئر کیمپ کا حصہ بنایا جائیگا۔ ہاکی چیف کوچ خواجہ محمد جنید نے کہاکہ فی الحال مختصر مدت کیلئے ذمہ داری سنبھالی ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد مستقبل کا فیصلہ کروںگا، یہ بات طے ہے کہ پیشہ وارانہ انداز میں کام نہ کیا گیا تو نتائج بہتر نہیں ہو سکتے، ٹیم سنبھالنے کیلئے ہیڈکوچ کو بھی پروفیشنل افراد پر مشتمل ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے،ہیڈکوچ تنہا کچھ نہیں کرسکتا، دنیا کا مقابلہ کرنا یا انھیں ہرانا ہے تو ہاکی کو جدید انداز میں چلانا پڑیگا۔کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بھی اندازہ لگانا اوراحتساب کرنا ضروری ہے، مختصر مدت میں موجود پلیئرز کی فزیکل فٹنس اوراچھے کمبی نیشن کی تشکیل کا ہدف بنایا ہے تاکہ اچھے پلیئرزکے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے جائیں اور بہتر نتائج دے سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن