بے گناہوں کے قتل عام سے کئی برہان وانی پیدا، ہم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے: شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام مودی کے نازی ازم کے تحت 22 دن سے گھروں میں قید ہیں۔ نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کے نتیجے میں کئی برہان مظفر وانی پیدا ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے حالیہ اقدامات کے بعد سے مودی حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ کشمیریوں کے نماز پڑھنے پر بھی پابندی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم انتہائی قابل مذمت اور تاریخ کے سیاہ ترین ادوار کی بربریت کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔کشمیریوں سے عہد ہے، ان پر ظلم کی وجہ بننے والے ایک دن کٹہرے میں ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دیوار سے لگانے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ نازیوں کی طرز پر عام شہریوں کومحصور کرکے تشدد، ظلم اور وحشیانہ پن کا نشانہ بنانامہذب انسانوں کے لئے اذیت کی انتہا ہے۔ مودی کشمیر میں اپنے مظالم سے نازی ازم کی نئی قابل مذمت اور سیاہ تاریخ لکھ رہا ہے۔ آزادی اظہار رائے اور اخبارات وجرائد پر پابندیوں نے بھارتی جمہوریت کو محض ڈھونگ ثابت کردیا ہے۔ تاریخ کا سبق ہے کہ ظلم، تلوار اور تشددسے سچائی مٹانے کی کوشش کرنے والے خود مٹ گئے۔ ظلم، نفرت اور تشدد کے نتیجے میں بھارتی جنونی ٹولے کے خلاف دنیا بھر میں نفرت کی آگ پھیل رہی ہے۔