بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ڈھٹائی کا پیغام دیا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے ملاقات کی۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے زیر اہتمام ملاقات میں کشمیر کی صورتحال، محرم الحرام میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ خود فرداً فرداً علمائے کرام و مشائخ عظام کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی اورنہتے کشمیری بہن بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ دفاع وطن کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ علمائے کرام و مشائخ عظام نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور اتحاد و اتفاق کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام کا احترام ہماری روایات کا حصہ ہے۔ علمائے کرام کے فیوض و برکات کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسی مشکل صورتحال پر قابو پانا ممکن ہوا۔ ملک قوم کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خدمات سرانجام دینے والے جیدعلمائے کرام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے مذہبی رواداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اتحاد و یگانگت کی فضا قائم کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ علمائے کرام کی مشترکہ کوششیں ان کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سرحدی صورتحال کے پیش نظر سماج دشمن عناصر داخلی امن وامان کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کا مسئلہ پاک فوج ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے بہت حد تک کم کیاجاچکا ہے لیکن موجودہ صورتحال کے تناظر میں دہشت گردی کے خدشے کو یکسر مستردنہیں کیاجاسکتا ۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے جید علمائے کرام ماضی کی طرح آج بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے ۔مودی سرکار کے ہاتھ مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔کشمیریوں کی قربانیوں سے صبح آزادی طلوع ہونے کا وقت قریب ہے۔ ہم علمائے کرام اور دینی مدارس کے طلبہ بھی صحت انصاف کارڈ سکیم شروع کررہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مدارس اور مدارس سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے تاریخی اقدامات کرے گی جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ عثمان بزدار نے انسداد پولیو کیلئے فعال و متحرک انداز میں بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انسداد پولیو کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کا مقدمہ جرات بہادری اور مدلل انداز میں پیش کیاہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی حقیقت بیان کی ہے۔ معصوم کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کیاہے۔ مودی سرکار کی مکاری اور عیاری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ عثمان بزدارکی زیرصدارت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ وعظام کے نمائندہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کیا کہتا ہے پاکستان کے قیام اوراس کے استحکام میں علمائے کرام اوردینی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علماء کرام اورمذہبی و دینی شخصیات قومی یکجہتی ،ملکی استحکام ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اورکلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ہم حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب ومنبردفاع وطن اورقومی و ملی سلامتی کے تقاضوںسے پوری طرح آگاہ ہیں۔ہم ضرورت پڑنے پر پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحدو متفق کھڑے ہوں گے۔جملہ مکاتب فکر کے علمائ/خطباء اورذاکرین اپنے خطبات میں میانہ روی اورمثبت رویہ اختیار کریں گے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہ ہو۔مزید براں اسلام اپنی تعلیمات میں اہل کتاب اورغیر مسلموں سے بھی رواداری کا سبق دیتا ہے ۔لہذا علماء کرام اپنے خطبوں میں رواداری اوراتحاد امت پر بھی خصوصی زوردیں گے اور باہمی افتراق سے مکمل احتراز کریں گے۔دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج جو انمردی،دلیری اورشجاعت سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اورپوری قوم پاک فوج کوخراج تحسین پیش کرتی ہے ۔نیز دہشت گردی کے خلاف اس آپریشن میں شہادت کا اعلی رتبہ پانے والے فوجی افسروں اورجوانوں کی جرأت و شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے ۔