• news

کشمیر سمیت تمام ایشوز پر حمایت قابل تحسین: آرمی چیف، چین کیساتھ فوج کی صلاحیت، دفاعی تعاون بڑھانے کا سمجھوتہ

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دفاع کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے اور پاک فوج کی استعداد بڑھانے کیلئے پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین جنرل یو کی لیانگ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ انہوں نے اکیلے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات کی۔ بعد ازاں طرفین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا دور منعقد ہوا جس کے بعد مذکورہ بالا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ دوران اجلاس باہمی دلچسبی کے امور، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور بطور خاص مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام اہم ایشوز اور بطور خاص مسئلہ کشمیر پر چین کی سمجھ داری اور حمایت پر تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ مہمان چینی جنرل نے کہا کہ ان کا ملک اپنے آزمودہ دوست پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ جی ایچ کیو آمد پر چینی جنرل نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز پر کشمیر سمیت تمام ایشوز پر چین کی حمایت قابل تحسین ہے۔

ای پیپر-دی نیشن