مقبوضہ کشمیر میں پریس پر مکمل پابندی ہے، ایڈیٹرز گلڈ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) بھارت کے ایڈیٹرز گلڈ نے پریس کونسل آف انڈیا پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کونسل آف انڈیا مقبوضہ کشمیر میں پریس پر پابندیوں کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہی۔ ایڈیٹرز گلڈ نے پریس کانفرنس آف انڈیا پر سخت نکتہ چینی کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایڈیٹرز گلڈ نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پریس پر مکمل پابندی ہے جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے لیکن پریس کونسل آف انڈیا پھر بھی خاموش ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی پر پابندیوں کے اوپر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ایڈیٹرز گلڈ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پریس کونسل آف انڈیا بھارتی حکومت کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کی حمایت کر رہی ہے۔