مودی سرکار کی سفاکیت، شہید کشمیریوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے سفاکیت اور بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے گزشتہ 23 دنوں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کے ڈیٹھ سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے انکار کر دیا تاکہ کشمیر میں ہونے والے قتل عام کے ثبوت دنیا کے ہاتھ نہ لگ جائیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے میں شائع کی گئی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر ایک تحقیقی رپورٹ میں ہولناک انکشافات کیے گئے ہیں، قابض بھارتی فوج نے وادی کے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو مظاہروں کے دوران شہید ہونے والوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے اور زخمیوں کو طبی امداد دے کر فوراً رخصت دینے کی سخت ہدایات دی ہیں۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر آئینی فیصلے کے بعد کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکل آئے ہیں، قابض بھارتی فوج نے نہتے شہریوں پر براہ راست برسائیں جس کے نتیجے میں درجنوں شہادتیں ہوئیں اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ اہل خانہ اپنے پیاروں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے لیے اسپتال کے چکر لگا ر ہے ہیں لیکن مودی سرکار نے شہید ہونے والوں مظاہرین کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے اہل خانہ کو دھتکار دیا ہے۔