• news

کوہاٹ میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہونے کا اعلان

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (او جی ڈی سی ایل )نے کوہاٹ میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کا اعلان کردیا۔او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ میں تیل و گیس کے ذخائر سے ابتدائی تخمینے کے مطابق یومیہ ایک کروڑ27 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوسکے گی۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق دریافت سے یومیہ 240 بیرل خام تیل حاصل ہوگا، منصوبے میں 50 فیصد سرمایہ کاری او جی ڈی سی ایل اور 50 فیصد جوائنٹ وینچر میں شامل دیگر کمپنیوں کی ہے۔ او جی ڈی سی ایل ٹوگ ویل نمبر 1 پر بطور آپریٹر کام کر رہی ہے اور کمپنی کے حصص 50 فیصد ہیں جبکہ ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ ( ایم پی سی ایل ) 33.33% اور سیف انرجی لمیٹڈ ( ایس ای ایل ) 16.67 فیصد کی اس میں حصہ دار ہیں ۔ ٹوگ ویل نمبر1 کی کھدائی اور تجزئیے کے لئے مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا ۔ کنویں کی کھدائی 3200 میٹر تک کی گئی ۔ جہاں پر 12.7 میلن سٹینڈرڈ کیوبک فٹ( ایم ایم ایس سی ایف گیس) یومیہ اور 240بیرل کنڈنسیٹ یومیہ 32/64 چوک کے ذریعے حاصل ہو گا اور ویل ہیڈ فلوئینگ دباو 2478 فی مربع انچ ( پی ایس آئی ) ہے ۔ ٹوگ ویل نمبر 1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی یہ دریافت کوہاٹ جائنٹ وینچر کی شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ملکی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔ جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

ای پیپر-دی نیشن