• news

بلجیئم کے ہم منصب کو فون، بھارت نے خطے کا امن دائو پر لگا دیا: شاہ محمود

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابھی حقائق کو پوری طرح بے نقاب ہونا ہے لیکن جو اطلاعات اب تک مل رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں، پوری وادی کو جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 9ستمبر کو ہیومن رائٹس کمیشن کا اجلاس شروع ہو رہا ہے، اجلاس میں ساری صورتحال کو وہاں پوری طرح اجاگر کریں گے۔ کشمیر میں 1953 کے بعد پہلی دفعہ سیکرٹریٹ پر ہندوستان کا جھنڈا لہرایا گیا اور کشمیریوں نے اس پر شدید احتجاج کیا۔ آ ئندہ ماہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھانے کے لئے پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ بھارت کی شدید مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جانا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے امور خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اجلاس احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ23 دن سے، دن رات کرفیو جاری ہے۔ ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ حقائق دنیا سے پوشیدہ رہیں۔ پاکستانی پارلیمنٹ میں موجود ہر پارٹی نے مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنایا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مکینوں کو عید کی نماز اور قربانی تک نہیں کرنے دی گئی۔ مساجد پر تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ لندن، امریکہ، پیرس، برسلز ہر جگہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں برطانیہ کے 5 رکنی پارلیمانی وفد نے ایم پی خالد محمود کی سربراہی میں وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے۔ رات کی تاریکی میں گھروں پر ریڈ کرکے نوجوان اور بچوں کو جبراً اغوا کیا جا رہا ہے۔ خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات کی شدید قلت کی اطلاعات ہیں۔ ہم بین الاقوامی برادری کو مطلع کر چکے ہیں کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پلوامہ کی طرز پر "فالس فلیگ آپریشن " یا کوئی اور ناٹک کر سکتا ہے۔ دوران ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی پارلیمانی وفد کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں پر دل گرفتہ ہیں۔ برطانوی پارلیمانی وفد کے شرکاء نے کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے بہت جلد مباحثے کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ مزیدبرآں وزیر خارجہ نے بلجیئم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے بلجیئم ہم منصب کو کشمیر میں بھارتی جارحیت بارے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی یکطرفہ اقدامات یو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے پورے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے۔ کشمیر کی مخدوش صورتحال سے نیا المیہ جنم لیتا دکھائی دیتا ہے۔ بلجیئم وزیر خارجہ نے فریقین سے بات کرنے اور کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ بلجیئم وزیر خارجہ نے مسئلے کو جلد از جلد دوطرفہ مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت تمام تصفیہ طلب امور کو دوطرفہ مذاکرات سے حل کرنے کا حامی رہا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ منفی طرزعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن