• news

بھارتی فائرنگ، سچی سمیت 2 شہری شہید، 3 مکان تباہ، باکسر عامر خان کا دورہ ایل او سی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیکرون سیکٹر میں بلااشتعمال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے معصوم شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک بچی سمیت دو شہری شہید اور تین زخمی ہو گئے۔ شہید ہونیوالوں میں 45 سالہ عبدالجلیل اور تین سالہ نوشین شامل ہے۔ بھارت فوج کی گولہ باری سے تین گھر بھی جل کر خاکستر ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطاق بزدل بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول ایل او سی پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ زخمیوں میں زوجہ عبد الرحمان، اشفاق لون، غلام سرور شامل ہیں۔ عبد الرحمن اور محمد اسد اللہ کے مکان جل کر تباہ ہوئے ہیں۔ دریں اثناء پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لائن آف کنٹرول پہنچ گئے اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کیخلاف آواز اٹھائوں گا اور بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کروں گا۔ عامر خان کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ایل او سی پہنچ گئے۔ عامر خان نے لائن آف کنٹرول کیلئے روانگی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں، کشمیریوں کی نسل کشی کیخلاف ان کی آواز بنوں گا، کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہا ہوں۔ باکسر عامر خان نے پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا برطانیہ میں بیٹھ کر سب صرف ٹی وی پر دیکھا، مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے سکول نہیں جا سکتے، انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کیخلاف آواز اٹھاؤں گا۔دریں اثناء باکسر عامر خان نے صدر آزادکشمیر مسعود خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے گیا تھا، لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔ مجھ سے جتنا ہوا کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائوں گا۔ کشمیریوں کو پیغام دیتا ہوں کہ میں ان کا چیمپئن باکسر ہوں۔ جیسے میں فائٹ کرتا ہوں کشمیری بھی میری طرح فائٹ کریں۔ برطانیہ واپس جا کر حکومت اور دوستوں کو کہوں گا کشمیر کیلئے آواز اٹھائیں۔ برطانیہ کے اراکین پارلیمنٹ کشمیر کیلئے آواز اٹھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن