نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت ذمہ دار ہونگے: شہباز شریف
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات کو نظرانداز کرنے کی مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس دینے سے انکار کی خبر عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا محمد نوازشریف کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں جان بوجھ کر حکومتی لاپراوہی اور غفلت کا رویہ مجرمانہ ہے ،دوسرکاری ہسپتالوں کا امراض قلب کی مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام کی تازہ مثال ہے ،سیاسی مخالفت پر صحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا محمد نوازشریف کے فزیشن ڈاکٹر محمد عدنان نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر صورتحال پرایک بارپھر تشویش سے آگاہ کیا ہے ، ڈاکٹر عدنان محمد نوازشریف کی صحت کے لئے اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں ،محمد نوازشریف کو چوبیس گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جارہی ہے ، شہباز شریف نے کہا محمد نوازشریف کو قلب، زیابیطس، گردوں کے علاوہ متعددامراض کا سامنا ہے، علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں،حکومتی میڈیکل بورڈز میں شامل ڈاکٹرز بھی ان کے لئے علاج معالجے کی ضروریات کی واضح نشاندہی کرچکے ہیں،خدانخواستہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں وینٹی لیٹر اور دیگر ضروری مشینیں دستیاب نہ ہوں تو ایسی ایمبولنس کا کیا فائدہ؟ انہوں نے کہا حکومت ڈاکٹر عدنان کے محمد نوازشریف کو علاج کی مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے خدشات پر فوری توجہ دے ،باربار آگاہ کرنے کے باوجود علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنا حکومتی بدنیتی اور خطرناک عزائم کو ظاہر کرتا ہے ،شواہد کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ اگر محمدنوازشریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔