60 ہزار تندور کل سے بند، کئی علاقوں میں روٹی 10 روپے کی ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور کے بعض علاقوں میںسادہ روٹی کی قیمت بڑھا کر 10 روپے کردی گئی جبکہ سرکاری ریٹ 6 روپے مقرر ہے نانبائیوں کا کہنا کہ آٹے، گیس اور کرایوں کے علاوہ مزدوری بڑھنے کے بعد 100 گرام کی روٹی 6 روپے میں فروخت کرنا ممکن نہیں نان بائی ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدے داروں نے بتایا کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ ہونے سے صوبہ بھر میں میں 60ہزار سے زائد چھوٹے تندورکل 29اگست سے بند ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 5 اگست کو صوبائی حکومت کو آگا ہ کر دیا تھا کہ روٹی کی قیمت بڑھانے پر مجبور ہیںجبکہ بعض علاقوں میں تندوروں پر فروخت ہونے والی روٹی کا وزن کم کر دیا گیا ہے نان بائی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ 100گرام روٹی 6روپے میں فروخت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 100گرام کی تیار روٹی کی لاگت 8روپے ہے وہ 6روپے میں کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری طور پر روٹی کی قیمت 10روپے مقرر کی جائے۔