• news

اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری‘قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ گذشتہ روز بھی کیمپ میں طلب کیے جانے والے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کوچنگ سٹاف جس میں خواجہ جنید، اجمل خان لودھی، سمیر خان، رانا ظہیر اور ناصر علی نے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کے ساتھ ساتھ سکلز کی بہتری کے لیے کام کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے بھی گراونڈ میں جا کر تربیتی کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر بھی موجود تھے۔ قومی ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں پوری توجہ دی جا رہی ہے۔ قومی کھیل کا بہت زیادہ نقصان ہو چکا ہے جس کا فوری حل ممکن نہیں ہے لیکن فیڈریشن کے ساتھ ملکر تمام کوچنگ سٹاف سخت محنت کے ذریعے اس کی ترقی کیلئے کام کرینگے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ اگر ہم اپنے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بین الاقوامی معیار پر لے آئے تو ہمیں نتائج بھی ملنا شروع ہو جائیں گے۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کیلئے ہماری کوشش ہے کہ اس سے قبل یورپی ٹیموں کے ساتھ قومی ٹیم کے میچز کی سیریز کا بھی اہتمام ہو جائے۔ قومی ٹیم سے اچھے نتائج حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن