قذافی سٹیڈیم کے ہیڈ کیو ریٹر خان محمدنے پی سی بی کو خیرباد کہہ دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم کے ہیڈ کیو ریٹر خان محمد 33سالہ ملازمت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو خیر باد کہہ گئے۔1986میں چونیاں کے گاوں میں زمینداری کرنیوالے28 سالہ نوجوان خان محمد نے قذافی سٹیڈیم میں پہلی بارقدم رکھا، اس دوران انہوں نے 1996کے ورلڈ کپ فائنل سمیت درجنوں انٹر نیشنل میچوں کے لئے پچ تیار کی۔61سالہ خان محمد 1987ء اور 1996 کے ورلڈکپ کیلئے پچز بناچکے ہیں، خان محمدنے کہا کہ کرکٹ سے لگن توبہت تھی مگر کرکٹ میچ کا احوال صرف ریڈیو پاکستان پر سنتا تھا، امید تھی کہ وہ ان قومی ہیروز کو قریب سے دیکھ سکے گا، خان محمد کو قذافی سٹیڈیم میں پچ اور گراونڈ کی تیاری کی ذمہ داری مل گئی تھی۔ گراونڈ سٹاف میدان میں اترنے والی دونوں ٹیموں کیلئے یکساں پچ کی تیاری کرتا ہے۔ انضمام الحق کی نیوزی لینڈ کے خلاف قذافی سٹیڈیم میں 329 رنز کی اننگز میں کبھی نہیں بھول سکتا ۔لیگ سپنر عبدالقادر کی 1987ء میں انگلینڈ کیخلاف ایک اننگز میں نو وکٹیں بھی خان محمد کی حسین یادوں میں سے ایک ہے، اس اننگز میں عبدالقادر نے 6 کھلاڑیوں کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا تھا۔قذافی سٹیڈیم میں 33 سال سے اپنے کام میں مگن رہنے والے خان محمد اپنی کئی خاندانی ذمہ داریوں کو کام کی وجہ سے ادھورا چھوڑ چکے ہیں۔، وہ اپنے چچا سمیت چند قریبی رشتہ داروں کے جنازوں میں شرکت نہیں کرسکے، کیونکہ وہ اس دوران قذافی سٹیڈیم میں گراونڈ کی دیکھ بھال کرنے میں مصروف تھے۔ کرکٹ سیزن کے شروع ہوتے ہی خان محمد صبح صادق کے وقت قذافی سٹیڈیم پہنچ جاتے تھے لیکن اب دنیا کا مشہور ٹیسٹ سنٹر اس خاموش ہیرو کو مدتوں بھلا نہیں سکے گا۔