• news

فضائی حدود بند کر دیں تو بھارتی کمپنیوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان نے اگر بھارت کی سویلین پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دیں تو بھارت کی فضائی کمپنیوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ائیر لائنز پاکستان کی فضائی حدود سے گیارہ روٹس استعمال کرتی ہیں۔ پلوامہ واقعہ کے بعد اور بھارت کی طرف سے پاکستان میں بالاکوٹ حملہ کے بعد پاکستان نے بھارت کے لئے فضائی حدود بند کر دی تھیں تو بھارتی ائیر لائنز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ پاکستان نے اگر دوبارہ فضائی حدود بند کر دیں تو یورپ اور امریکہ جانے والی پروازیں متاثر ہوں گی۔ خاص طورپر دہلی ‘ لکھنو‘ جے پور‘ چندی گڑھ اور امرتسر سے اڑان بھرنے والی بھارتی پروازوں کو اپنا روٹ بدلنا پڑے گا۔ ان اڈوں سے اڑنے والی پروازوں کو گجرات مہاراشٹر کی طرف سے بحیرہ عرب پر جانا پڑے گا۔ ہر پرواز کو 70 سے 80 منٹ تک کا اضافی فاصلہ طے کرنا پڑے گا اس سے قبل جب پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھیں تو بھارت کی شکاگو کے لیے براہ راست جانے والی پرواز کو یورپ میں رک کر ایندھن بھرنا پڑ رہا تھا۔ اسی طرح استنبول تک براہ راست بھارتی پروازوں کو دوحہ میں رک کر ایندھن لینا پڑ رہا تھا۔ دہلی سے کابل تک جانے والی بھارتی پروازیں مکمل طور پر بند ہو جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن