نوازشریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ، طبی سہولیات جیل میں دینے کا حکم
لاہور (آئی این پی) پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام طبی سہولتیں جیل میں ہی دینے کاحکم دیا ہے۔ نواز شریف کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا نوازشریف کا جیل میں سینئر ڈاکٹر طبی معائنہ کررہے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف کو تمام طبی سہولتیں جیل میں ہی دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم جیل میں ہی نوازشریف کا طبی معائنہ کرے گی، ٹیم پہلے بھی نوازشریف کا 3شفٹوں میں معائنہ کرتی ہے۔ نوازشریف کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائیگی۔ دوسری جانب نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر نے کہا نواز شریف کو پی آئی سی ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات غلط ہیں، نواز شریف کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے، ان کا جیل میں روز ڈاکٹروں کی جانب سے طبی معائنہ ہوتا ہے۔ جیل حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق نواز شریف ادویات و خوراک استعمال کر رہے ہیں اور ان کو قانون کے مطابق سہولت دی جارہی ہے، نواز شریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹ روز محکمہ داخلہ کوارسال کی جاتی ہے۔