فنٹاسٹک کشمیری چائے، باکسر عامر خان کا بھارت کو ابھی نندن سٹائل پنچ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کے دورہ کے دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ فنٹاسٹک چائے، کشمیری چائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے باکسر عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ چائے عمدہ ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لے لیا تھا جسے وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت اگلے ہی روز رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی پائلٹ نے دوران حراست پاکستان آرمی کے پیشہ ورانہ برتاؤ اور چائے کی بہت تعریف کی تھی۔ دریں اثناء پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔ کشمیر میں بچوں عورتوں نوجوانوں اور بوڑھوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یو کے کی لیبر پارٹی نے کشمیر کے معاملے پر لکھا ہے بھارت کی جانب سے مسلسل حملے کئے جا رہے ہیں۔ میرا پیغام ہے کہ کشمیریوں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا بھارتی فنکار کشمیر کے معاملے پر بھارت کو سپورٹ کرتے ہیں۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ جاکر کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹیرینز سے بات کرونگا۔ سیاستدانوں کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا عامر خان فائونڈیشن کشمیریوں کی مدد کرے گی۔ میں کشمیر میں رہنے والوں کے چہرے پر خوشی دیکھنا چاہتا ہوں۔ بین الاقوامی باکسر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل سرحد پار کشمیریوں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔