• news

سپریم کورٹ اداروں میں آئین کی پاسداری کرنے کو یقینی بنائے: پاکستان بار کونسل

اسلام آباد(اے این این ) پاکستان بار کونسل(پی بی سی)کے نائب چیئرمین سید امجد شاہ نے سپریم کورٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کیا اعلی عدلیہ اس بات کو یقینی بنانے میں کامیاب رہی ہے کہ ریاست کے باقی ستون مثلا پارلیمنٹ آئین میں دی گئی حدود کے تحت آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے موجودہ سیاسی نظام میں گھٹن ہے اور بعض ریاستی اداروں اور محکموں کی جانب سے ہر قسم کی مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا اس طرح کے اداروں کو آئین کے برخلاف دوسرے اداروں کے دائرہ کار میں دخل اندازی کی اجازت ملنی چاہیے اور کیا عدالت عظمی اس قسم کی کوششوں پر نظر رکھنے کے حوالے سے موثر ثابت ہوئی۔خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ، جسٹس شیخ عظمت سعید، اٹارنی جنرل انور منصور اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس کا سامنا کرنے والے جسٹس قاضی فائز عیسی بھی موجود تھے۔اپنی تقریر میں امجد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پی بی سی مسلح افواج کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور پوری وکلا برادری دفاعی ضروریات کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے خاص کر موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے دوران اس کی حمایت کرتی ہے۔تاہم سیاسی معاملات میں مداخلت سے ان اداروں کا وقار ختم ہوتا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن