• news

کاروبار میں حائل غیر ضروری قوانین ختم، ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت شیڈول پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات پر وزیراعظم آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سر دار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپی کے محمود خان، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف سیکرٹری خیبرپی کے، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کے دوران اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کے تعین اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے حوالے سے قانونی فریم ورک پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر قابو پانے کے حوالے سے قائم شدہ ٹاسک فورس میں تاجروں اور مینو فیکچررز کے نمائندگان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سات ضروری اشیاء خورد و نوش جن میں آٹا، گھی، ٹماٹر اور دالیں وغیرہ شامل ہیں کی قیمتوں کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر قابو پانے کے لیے ایک ویب پورٹل کا اجراء بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں کے تعین میں پیداواری لاگت اور موسمیاتی اثرات کے جائزے کے حوالے سے اصولی ضابطہ کار بھی وضع کیا جارہا ہے۔ روٹی کی قیمت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے نان بائی ایسوسی ایشن کے چند تحفظات سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری خیبر پی کے نے صوبہ خیبر پی کے میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن پر اجلاس کو بریف کیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ قیمتوں پر کنٹرول اور عوام الناس کی سہولت کی غرض سے صوبہ پنجاب میں سستے بازار بھی باقاعدگی سے لگائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور ایسا مربوط نظام وضع کیا جائے جس کی بدولت غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے۔ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی، اور اس ضمن میں ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کہا کہ ہول سیل منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر ضروری اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کے حوالے سے ایک موثر نظام پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائے۔ قیمتوں کے حوالے سے عوا م کو مسلسل باخبر رکھا جائے۔ وزیراعظم نے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے حوالے سے ایک مربو ط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غریب آدمی کو روٹی کی دستیابی یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ریاست کی جانب سے کوئی کسر روا نہیں رکھی جائے گی۔ ’’احساس‘‘ پروگرام کے تحت مستحقین کو راشن کی فراہمی کی تجویز بھی زیر غور ہے، حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب نے وزیراعظم سے الگ سے ملاقات بھی کی۔ وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ بزنس کے متعلق قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کو سادہ بنانے کے لئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ صلاح مشورہ کا عمل جلد مکمل کیا جائے، وزیراعظم نے کاروبار میں حائل غیر ضروری قوانین اور قواعد ختم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت اجلاس میں دی جس میں مشیر تجارت اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم سے چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رضا باقر نے وزیراعظم کو سٹیٹ بینک اور مالیاتی معاملات سے متعلق شرح سود اور افراط زر کو کنٹرول کرنے کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ جبکہ ایشیاء پیسفک گروپ حالیہ اجلاس کے نتائج کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ ایشیا پیسفک گروپ کے اجلاس میں پاکستان کو اضافی مانیٹرنگ میں ڈال دیا گیا ہے، اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت گورنر سٹیٹ بینک نے کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن