بھارت کی فائرنگ سے خاتون زخمی، پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی، انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر طلب
سیری(آن لائن) کھوئی رٹہ سیکٹر لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ بار ی سے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے۔ بھارتی فوج نے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ 60 سالہ خاتون زخمی ہو گئی۔ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی پر دشمن کی گنوں نے خاموشی اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کھوئی رٹہ کے سرحدی گائوں ٹائیں، کینٹھی، جگالپال ، ججوٹ بہادر، کٹہڑہ میں بھارتی فوج نے صبح کے وقت اچانک سول آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی جس سے مختور بیگم ساکن کینٹھی عمر 60 سال زخمی ہو گئی اور گھر کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ زخمی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کھوئی رٹہ لایا گیا۔ فائر نگ اور گولہ باری سے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے ۔ادھر پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کی گنوں نے خاموشی اختیار کر لی ۔ علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔دریں اثناء بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ دفتر خارجہ نے ایل او سی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔ بھارتی فوج نے 27 اگست کو نکرن سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 معصوم شہری شہید ہوئے۔ بھارت 2003 کی سیز فائر مفاہمت کی پاسداری کرے۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پرامن برقرار رکھے۔ بھارتی فوج شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔ بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔