• news

کل کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی، ہر طرف قومی اور کشمیر کے ترانے گونجیں گے: وزیراعظم، فوجی ترجمان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر دفاع پرویز خٹک، جہانگیر خان ترین، عامر محمود کیانی، قائد ایوان سینٹ سید شبلی فراز، معاون خصوصی نعیم الحق، میاں محمد سومرو، سیف اللہ نیازی، ظہیر الدین بابر اعوان، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، عاطف خان، وزیر ہوابازی غلام سرور خان و دیگر سینئر قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ کور کمیٹی نے کشمیر میں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام اور بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے خلاف قرارداد منظور کی۔ کور کمیٹی نے وزیر اعظم کی جانب سے کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے کوششوں اور انکی قیادت کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کور کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور ممبران پارلیمنٹ جمعہ کے روز اپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں موجود ہوں اور اس احتجاج میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور یہ احتجاج 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جبر و ستم کو ہر سطح پر اٹھایا جائے اور عالمی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ بھارت کے حالیہ اقدام سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ خطے کے امن و استحکام کے لئے ضروری ہے کہ عالمی برادری کشمیرکے مسلمانوں کو ان کا جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم خود پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی قیادت کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اور جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا ابتدائی پروگرام تیار کر لیا گیا۔ شرکاء نے تجاویز دیں۔ ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12بجے تک ٹریفک روکی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے مرکزی اجتماع شاہراہ دستور پر ہوگا۔ ملک بھر کے تمام اضلاع میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج ہوگا۔
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے یوم دفاع و شہدا 2019ء شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی وہ شہیدوں کے لواحقین سے ملیں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔ آئی ایس پی آر میں یوم دفاع و شہدا 2019 کے حوالے سے کانفرنس ہوئی جس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ کانفرس میں یومِ دفاع و شہدا کی تقریبات سے متعلق بات چیت ہوئی اور پروگرام ترتیب دیا گیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے شرکاء کانفرس کو بتایا کہ پچھلے سال پہلی دفعہ ہر شہید کے گھر جانے کا پروگرام شروع کیا گیا جو جاری رکھا جائے گا۔ گزشتہ سال بہت اچھا رسپانس رہا۔ ہر شہید کو یاد کیا گیا۔ اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا عوام سے درخواست ہے وہ شہیدوں کے لواحقین سے ملیں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔ گلی گلی محلے محلے شہیدوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔ عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی‘ تاہم فارمیٹ میں تبدیلی کے باعث اس سال سے یہ تقریب شام کے بجائے دن میں ہو گی۔ تقریب میں صرف شہداء کے لواحقین اور غازی شرکت کریں گے۔ آرمی چیف جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھانے کے علاوہ شہداء کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ اسی طرح فارمیشن اور شہر شہر تقریبات ہونگی۔ یوم دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی۔ کشمیر بنے گا پاکستان تقریبات کا حصہ ہو گا۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ کشمیر آور کے حوالے سے حکومت کے اعلان کے مطابق جمعہ کو 12 بجے ملک بھر میں سائرن قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا۔ پوری قوم اپنے اپنے علاقے اور کام کی جگہوں پر اکٹھی ہو کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ ملکی ہیرو، شوبز اور میڈیا کے نمائندے اور میڈیا بھی بھرپور شرکت کرے گا۔ انہوں نے نوجوانوں بالخصوص طلبا سے شرکت کی اپیل کی۔

ای پیپر-دی نیشن