صدر کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے‘ دعوت نامے ارسال
اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرمملکت عارف علوی کے خطاب کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، اس سلسلے میں تمام مہمانوں کودعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر مملکت کا خطاب (کل) جمعہ کو شام 5 بجے ہوگا جس سے موجودہ قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کا باقاعدہ آغاز ہوگا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آئینی اداروں کے سربراہان ، تین مسلح افواج کے سربراہوں، سفارتکاروں، سمیت اہم شخصیات کو دعوت نامے ارسال کردیئے ہیں، سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تمام ارکان پارلیمنٹ اور وفاقی وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ کسی مہمان کو نہ لائیں اور نہ ہی کسی رکن پارلیمنٹ یا وفاقی وزیر کے گارڈز کو پارلیمنٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت ہوگی، تمام ارکان پارلیمنٹ سمیت مہمانوں کی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے گی، پارلیمنٹ میں تمام معزز مہمانوں ، ارکان پارلیمنٹ اورڈیوٹی پرموجود عملے کیلئے پارکنگ مختص کردی گئی ہے۔