پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگز کا مقابلہ کرسکتی ہے : عاطف رانا
(لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اتنی جان ہے کہ وہ دنیا کی بڑی لیگز کا مقابلہ کر سکے۔ ہم نے مشکل حالات میں ٹونٹی ٹونٹی لیگ شروع کی اور بہت محنت سے اسے کامیاب بنایا ہے۔ دنیا کی کوئی ایسی ٹونٹی ٹونٹی لیگ نہیں ہے جو بیرون ملک بھی کامیاب ہوئی ہو۔ یہ پاکستان کرکٹ کی مقبولیت ہے کہ اپنے ملک میں مقابلے نہ ہونے کے باوجود لیگ نے مختصر وقت میں اپنی پہچان اور جگہ بنائی ہے۔ ہم نے اپنے پلیٹ فارم سے کبھی پی ایس ایل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا۔ ہمیشہ ملک کے نوجوانوں کی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے۔ ہم نے پی ایس ایل میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے کوئی سرمایہ کار نہیں چاہتا کہ اسے مالی نقصان ہو لیکن کسی بھی بزنس میں کامیاب طریقہ یہی ہے کہ آپ اپنے لوگوں کو جوڑتے جائیں ہم نے کھیل کے ذریعے لوگوں کو جوڑا ہے اور یہ کام کرتے کرتے ہم کشمیر تک جا پہنچے آج بھی کشمیریوں کی طرف سے محبت بھرے پیغامات موصول ہوتے ہیں ان لوگوں نے لاہور قلندرز کو جس انداز میں خوش آمدید کہا وہ ان کی ہماری ٹیم سے غیر مشروط محبت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں ہوں کوشش ہو گی کہ وہی کھلاڑی ٹیم میں شامل کریں جو پاکستان آنے کے لیے رضامند ہوں۔ پانچویں یڈیشن کا ملک میں انعقاد بہت بڑی مشق ہے ہم سب کو اس کے لیے بھرپور تیاری اور پریکٹس کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایونٹ کسی بھی طور عالمی ایونٹ سے کم نہیں ہے۔ دنیا بھر کی نظریں ہم پر ہونگی اور دنیا بھر سے کھلاڑی مختلف ٹیموں میں شامل ہونگے اس لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔