قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کے انتخاب کیلئے پینل تشکیل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی ٹیم مینجمنٹ کے انتخاب کیلئے پینل تشکیل دے دیا۔ 5 رکنی پینل میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان، بی او جی ممبر اسد علی خان، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان شامل ہیں، پینل ٹیم مینجمنٹ کے لیے درخواست گزاروں کے انٹرویوز کرے گا، ہیڈ کوچ اوربائولنگ کوچ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز آج ہوں گے۔ہیڈ کوچ کا نام فائنل ہونے کے بعد بیٹنگ، سٹرینتھ اور کنڈیشننگ کوچز کیلئے انٹرویوز ہوں گے، پینل سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھیجے گا، پی سی بی انٹرویوز کے لیے فائنل کیے گئے امیدواروں کے نام جاری نہیں کرے گا، پینل کی جانب سے امیدوار کے نام فائنل ہوتے ہی پی سی بی باقاعدہ اعلان کردے گا۔قومی کرکٹ ٹیم میں ہیڈ کوچ اور معاون سٹاف کے عہدوں کیلئے امیدواروں نے انٹرویوز کی بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں۔ہیڈ کوچ کیلئے مصباح الحق فیورٹ جبکہ محسن خان، ڈین جونز اور گرانٹ بریڈ برن نے بھی درخواست جمع کروا رکھی ہے، وقار یونس بائولنگ کوچ کیلئے امیدوار ہیں، محمد اکرم اور جلال الدین بھی اس عہدے کو سنبھالنے کی آس لگائے بیٹھے ہیں ،بیٹنگ کوچ کیلئے محمد وسیم اور فیصل اقبال نے بھی درخواست جمع کروارکھی ہے۔پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرنا چاہتا ہے تاکہ 27 ستمبر سے شروع ہونے والی سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کا سلسلہ شروع کیا جاسکے، امیدواروں نے رواں ہفتے ہونے والے انٹرویوز کی تیاری اور پاکستان کرکٹ کیلئے اپنے پلان کا پیپر ورک بھی مکمل کررہے ہیں، مصباح الحق کے فیورٹ ہونے کے باوجود ڈین جونز نے امید کا دامن نہیں چھوڑا اور ویڈیو لنک کے ذریعے وسیم خان کی سربراہی میں کمیٹی کے سامنے اپنا کیس مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ذرائع کے مطابق ماضی میں قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر جیسے عہدوں پر فائز رہنے والے محسن خان دوبارہ پی سی بی کیساتھ وابستگی کیلئے پر امید ہیں،موجودہ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن بھی ہیڈ کوچ بننا چاہتے ہیں۔بائولنگ کوچ کیلئے وقار یونس اور محمد اکرم میں مقابلہ ہے، سابق ہیڈ کوچ آسٹریلیا سے لاہور پہنچ گئے اور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ محمد وسیم اور فیصل اقبال بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر میرٹ پر فیصلہ ہو تو بیٹنگ کوچ کا عہدہ ان کو ہی ملے گا۔