• news

علیم ڈار پاکستان کا فخر ‘ریکارڈ یافتہ آئی سی سی امپائر کے اعزاز میں تقریب

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ایلیٹ پینل کے پاکستانی امپائر علیم ڈار نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں ایلیٹ پینل کے امپائرز کے ڈیلی الاونس میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کے روح رواں اظہر زیدی کی کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مرتبہ پھر خدمات حاصل کی جائیں۔ آج جس بھی مقام پر ہوں اس کا تمام سہرا میری کلب پی اینڈ ٹی جم خانہ اور اس کی انتظامیہ کو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علم ڈار نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 128 ٹیسٹ میچ سپروائز کرنے والے ویسٹ انڈیز کے امپائر سٹیوبکنر کا ریکارڈ برابر کرنے پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علیم ڈار کا کہنا تھا کہ کامیابی اسی وقت ملتی ہے جب انسان غلطیوں سے سیکھتا ہے۔ آج میں جس بھی مقام پر ہوں اس کے پیچھے ایک لمبی محنت اور اظہر زیدی جیسی شخصیات کی محبت شامل ہیں۔ پی اینڈ ٹی جم خانہ ایک انسٹی ٹیوٹ کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہاں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین خالد محمود سمیت انٹرنیشنل کرکٹرز، میچ ریفریز، کوچز، امپائرز اور سکورر پاکستان کو دیئے ہیں اور انشااﷲ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری ساری رہے گا۔ میرے دس سالہ امپائرنگ کیرئر میں میری فیملی، دوست، ساتھی کرکٹرز، ساتھی امپائرز نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی جس پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر، سینئر جنرل منیجر ویمن ونگ پی سی بی شاہد اسلم، ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی، سینئر جنرل منیجر پی سی بی علی ضیائ، چیئرمین ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن عاشق قریشی، علیم ڈار کے بڑے بھائی بریگیڈئر نعیم ڈار اور پی اینڈ ٹی جم خان کے اظہر زیدی نے علیم ڈار کی خدمات اور انکے کردارپر روشنی ڈالی اور کہا کہ علیم ڈار پاکستان کا فخر ہیں جنہوں نے اپنے کردار اور اچھے فیصلوں سے دینا میں پاکستان کے سبزہلالی پرچم کو سربلند کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن