• news

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس 30 اگست کو متوقع

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس 30 اگست کو متوقع ہے، بجٹ کی منظوری، سری لنکا کیخلاف سیریز، صوبائی ٹیموں کی تشکیل سمیت مختلف معاملات ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ تاہم بیشتر امور پر بات چیت کی حیثیت رسمی ہوگی۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ فارمیٹ کے تحت تشکیل دیا جانے والا گورننگ بورڈ آخری سانسیں گن رہا ہے،موجودہ باڈی کی زندگی نیا گورننگ بورڈ بننے تک ہے، گزشتہ سیٹ اپ میں ڈیپارٹمنٹس اور ریجنز کے 4،4،پیٹرن انچیف کے نامزد 2 ارکان شامل ہوتے تھے۔پی سی بی کے آئین میں تبدیلیوں کے بعد صوبائی ایسوسی ایشنز کے 3 صدور اس کا حصہ بنیں گے،4 آزاد ڈائریکٹرز، چیف پیٹرن کے نامزد 2ارکان،چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی کو بھی شامل کیا جائے گا۔صوبائی ایسوسی ایشنز کے معاملات مکمل ہوتے ہی نئے فارمیٹ کے تحت باڈی تشکیل پائے گی۔ گورننگ بورڈ کا اجلاس بلانے سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں نئے آئین کے خلاف درج کیسز کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا تھا،امکان یہی ہے کہ اب پہلے سے تجویز کردہ تاریخ 30 اگست کو میٹنگ کے لیے ارکان کو دعوت نامے جاری کر دیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن