درہ شیرخان سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘15سالہ لڑکی شدیدزخمی
تتہ پانی(نامہ نگار)لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی درہ شیرخان سیکٹر میں بھارتی فوج کی ٹارگٹ فائرنگ، 15سالہ لڑکی سرمیں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی، زخمی لڑکی کو فوری ہسپتال منتقل کردیاگیا، مکینوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا، اورگھروں سے ضروری کاموں کے سلسلہ میں باہر نکلنا بھی مشکل ہوکررہ گیا، تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گزشتہ شب بھی بھارتی فوج نے تتہ پا نی درہ شیرخان سیکٹر میںایک 15سالہ لڑکی مقدس دختر سردارمحمد شیرازساکنہ جبر درہ شیرخان کو ٹارگٹ فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا ، گولی لڑکی میں لگنے سے شدید زخمی ہوگئی ،جسے فوری ہسپتال منتقل کردیاگیا،زخمی لڑکی کو بھارتی فوج نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ گھر سورہی تھی،ٹارگٹ فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنانے کے ان واقعات کے باعث مکینوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے اورگھروں سے ضروری کاموں کے سلسلہ میں باہر نکلنا بھی مشکل ہوکررہ گیاہے،عوامی حلقوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے۔