حکومت سے مذاکرات کامیاب، نانبائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی
لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کر دیا۔ تنور مالکان کی جانب سے مطالبات کے حق میں جزوی ہڑتال ہوئی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔ تفصیلات کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں شٹر ڈائون ہڑتال کر کے ناصر باغ میں احتجاج کیا۔ لاہور کے مختلف مقامات سے آنے والے تنور مالکان نے کچہری چوک میں دھرنا دیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر عہدیداروںنے احتجاج اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔ امید ہے قیمتوں کے حوالے سے تین سے چار روز میں معاملہ طے پا جائے گا۔