کشمیر آور تاریخی احتجاج، ہر طبقہ کے لوگوں نے شرکت کی
لاہور(ندیم بسرا)بھارتی حکومت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر احتجاج کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کال پر ملک بھر میں کشمیر آور کے تحت تاریخی احتجاج ہو ا، جس میں ہر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کیخلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ۔لاہور میں سکول،کالجز یونیورسٹیز کے طلبہ ،سرکاری ،پرائیوٹ دفاتر کے ملازمین ،میڈیا گروپس کے صحافیوں ،تاجروں ،مزدوروں اور گھریلو خواتین سڑکوں پرنکل کر پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہراتے ہوئے نریندر مودی کے اقدامات کے خلاف احتجاج کرتے اور مودی ہائے ہائے کے نعرے لگاتے رہے ۔دوپہر بارہ بجے کے قریب سڑکوں پر ٹریفک رک گئی ،مساجد میں جمعے کی نماز کیلئے آنیوالے افراد نے باہر نکل کر احتجاج ریکارڈ کرایا ، جمعہ کے اجتماعات میں کشمیریوں کے حق میں تقاریر کی گئیں۔ پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور ،وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار ،وزیر اطلاعات اسلم اقبال ،وزراء راجہ بشارت ،ہاشم جواں بخت سمیت دیگر ایم پی ایز ،ایم این ایز پاکستان زندہ باد،کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیریو ہم تمہارے ساتھ ہیں کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے ۔پاکستان کے تمام میڈیا چینلز ملک بھر میں ہونیوالے احتجاج کو براہ راست ٹیلی کاسٹ کرتے رہے ۔اس کے علاوہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ،مختلف ڈاکو منٹریز اور قابض بھارت فوج کے ظلم وستم کا شکار بننے والے کشمیریوں کی تصاویر، جھلکیاں دکھاتے رہے ۔پرنٹ میڈیا نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سپیشل فیچرز کے ذریعے اجاگر کیا ،سیاسی حلقوں نے پوری قوم کو سراہا احتجاج کو ریکارڈ کرانے کامئوثر ذریعہ قرار دیا جس سے کشمیریوں کی آزادی کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کو نہ صرف عوام الناس تک پہنچایا بلکہ عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق کے بارے میں رائے عامہ کو بیدار کرنے کے لئے کلیدی قراکردار ادا کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے جس جرات سے مودی کے اقدامات کو چیلنج کیا اور دنیا کی سیاسی قیادت کو کشمیر میں ہونیوالے مظالم سے آگاہ کیا وہ قابل ستائش ہیں۔