• news

مودی درندہ اور انسانیت کے چہرے پر بدنما دھبہ ہے: رحمان ملک

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی ایک جانور اور انسانیت کے چہرے پر بدنما دھبہ ہے۔ سینٹ میں اپنی جارحانہ تقریر میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے مزید کہا کہ مودی انسانیت کا خون انتہائی بے رحمی سے بہا رہا ہے۔ بھارتی افواج براہ راست مودی کے احکامات کے تحت بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری‘ پیلٹ گنز کے ذریعے لوگوں کو اندھا بنانے‘ خواتین کی آبرو ریزی‘ تشدد اور آزادی اظہار پر پابندیاں لگانے جیسے جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ 5 اگست سے آج تک کشمیری گھروں میں قید ہیں۔ انہیں زندگی کی کوئی سہولت اور بنیادی اشیاء میسر نہیں حتیٰ کہ معصوم بچے بھی بھوک سے بلک رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ حریت رہنماؤں کے ساتھ مل کر مودی کیخلاف انٹر نیشنل کریمینل کورٹ میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کئی لیڈروں اور تنظیموں کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ بھارتی وزیراعظم کیخلاف انٹر نیشنل کریمینل کورٹ جانا چاہتے ہیں۔ رحمان ملک نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ اقوام متحدہ سے اپیل کر کے معاملہ کو ہمدردانہ بنیادوں پر اٹھایا جائے۔ کیونکہ یہی صحیح وقت ہے جب دنیا کی توجہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب دلائی جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن