• news

پی سی بی بورڈ آف گورنرز اجلاس‘نیا ڈومیسٹک سٹرکچر متفقہ طور پر منظور

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز اجلاس میں نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ 4 آزاد ڈائریکٹرز، الیکشن کمشنر، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور ایڈجوڈیکٹرز کے انتخاب کیلئے چار رکنی نومینیشن کمیٹی قائم کر دی گئی ۔یہفیصلہ بورڈ آف گورنرز کے 55 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی کے سربراہ اسد علی خان جبکہ ارکان میں شاہ ریز عبداللہ خان، بیرسٹر سلمان ، بختیار خواجہ بطور آزاد رکن ہونگے۔ کمیٹی بورڈ آف گورنرز کے لیے 4 آزاد ڈائریکٹرز، الیکشن کمشنر، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور ایڈجوڈیکٹرز کیلئے نام تجویز کریگی اور حتمی منظوری بی او جی دیگا۔ آڈٹ کمیٹی کی متعدد سفارشات کی منظوری دی گئی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کرکٹ کمیٹی اجلاس پر بی او جی ارکان کو بریفنگ دی اور قومی ٹیم کی ٹیم مینجمنٹ کے انتخاب کیلئے اعتماد میں لیا۔ بی او جی نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی پر پی سی بی کی کاوشوں کو سراہا۔ کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے وفد کی آمد سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور چیف ایگزیکٹو کیون روبرٹس 16 سے 18 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کرینگے۔ پی سی بی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات سے متعلق آئین میں تبدیلیوں کی منظوری دی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کے اختیارات سے متعلق بھی آئین میں تبدیلیوں کی منظوری دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن