پی سی بی : مالی سال2019-20ء کیلئے7 ارب 96 کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2019-20ء کیلئے7 ارب 96 کروڑ سے زائد کے بجٹ کی منظوری دیدی ۔ یہ منظوری گورننگ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے مالی سال میں آئی سی سی کی طرف سے ساڑھے تیرہ ملین ڈالرز ملیں گے جبکہ باہمی سیریز کے میڈیا رائٹس سے 9.97 ملین کی آمدن ہو گی۔ سپانسر شپ سے دو اعشاریہ سات ملین جبکہ شرٹ سپانسر سے ایک اعشاریہ آٹھ ملین کی آمدن ہو گی۔ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر سے پی سی بی کو کوئی مالی فائدہ ہونے کا امکان نہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے سپانسر شپ سے کسی قسم کی آمدن نہیں ہو گی جبکہ نئے سٹرکچر کیلئے اخرجات میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال ڈومیسٹک کرکٹ پر چھہتر کروڑ پچیس لاکھ سے زائد خرچ کیے گئے تھے جبکہ نئے سٹرکچر پر ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے ایک ارب سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں سولہ ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہی تھیں جبکہ رواں سیزن میں صرف چھ ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کا حصہ ہونگی۔ بجٹ میں نئے ڈومیسٹک سٹرکچر، میڈیا اینڈ کوآری ڈی نیشن، سکیورٹی اینڈ ویجیلینس سمیت دیگر شعبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔میڈیا اینڈ کوارڈینیشن کیلئے دس کروڑ سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں اس شعبے کا بجٹ لگ بھگ دو کروڑ پچپن لاکھ تھا۔ سکیورٹی اینڈ ویجیلینس کے لیے ستائیس کروڑ سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے گزشتہ مالی سال میں اس شعبے کا بجٹ چھ کروڑ سے زائد تھا۔پی سی بی نے سابق الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر کو بھی چونسٹھ لاکھ کی ادائیگی کی منظوری دیدی ہے۔