محرم کا چاند نظر آ گیا، یوم عاشور 10 ستمبر کو‘ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ 10, 9 کو رینجرز طلب ہونگے
لاہور‘ کراچی (سپیشل رپورٹر) پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، جس کے ساتھ ہی نئے اسلامی سال 1441 کا آغاز بھی ہوگیا۔کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں ہوا۔ ملک کے مختلف حصوں سے شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ یکم محرم الحرام1441 ہجری آج اتوار یکم ستمبر جبکہ یوم عاشور10 محرم منگل10 ستمبر کو ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت سندھ نے صوبے میں امن و امان کے لیے9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔ دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش‘ قابل اعتراض یا اشتعال انگیز وال چاکنگ، پوسٹرز، بینرز وغیرہ بھی لگانا ممنوع ہے۔ علاوہ ازیں ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 عائد کر دی ہے جبکہ نویں اور دسویں محرم کے روز ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق کسی بھی مذہبی اجتماع کی محرم کے جلوس کے علاوہ اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلوسوں کے دوران علاقے کی دکانیں بند ہونگی۔ جلوسوں‘ مجالس کی سیکورٹی سخت ہو گی۔ جلوسوں کے راستے پر اینٹیں‘ ٹائر اور دیگر سامان رکھنے پر پابندی ہوگی۔ جبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے 16 اضلاع میں رینجرز کو یوم عاشور کے روز طلب کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو لیٹر جاری کر دیا ہے۔