• news

کشمیریوں پر مظالم، عالمی برادری کی بے عملی افسوسناک ہے: شہبازشریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے عالمی برادری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 27 دن سے کشمیریوں پر مظالم پر عالمی برادری کی بے عملی افسوسناک اور مہذب دنیا کا امتحان ہے ،انصاف کا تعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لے جائے گا، مظالم پر کشمیری نوجوان خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے، ظلم کا بیج بوکر دنیا میں امن و خوشحالی کے پھول نہیں کھلیں گے، عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو وہ دفاع میں اسلحہ اٹھا سکتے ہیں، نسل کشی کے خطرے سے دو چار قوم اپنے دفاع کیلئے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے، بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل مودی کا ساتھی سمجھیں گے۔ عالمی برادری دوراہے پر کھڑی ہے مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے ۔ دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کرہ ارض کو جہم بنانا چاہتی ہے یا امن وآشتی کا گہوارہ۔ انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لیجائے گا ، اقوام متحدہ کی قراردادیں قابض افواج کے خلاف مظلوموں کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت دیتی ہیں۔ عالمی برادری کی خاموشی کشمیری نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ آج عالمی برادری اپنے وعدوں کا پاس نہیں کرے گی تو کل اسے کسی کو لیکچر دینے کا حق بھی نہیں ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل کا ساتھی سمجھیں گے۔ مغرب کو مشرقی تیمور اور سائوتھ سوڈان کی فکر تھی توپاکستانیوں کو کشمیریوں کی فکر ہے۔ مغرب کو مسیحی آبادی اور دیگر اقوام کے حقوق میں دلچسپی ہے تو پاکستان کو بھی کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق سے دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا ظلم عالمی برادری اور مہذب دنیا کا امتحان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن