• news

بھارت کرفیو ختم، کشمیری قیادت سے ملاقات کرائے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دو طرفہ مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں جبکہ کسی تیسرے فریق کی معاونت یا ثالثی کو بھی خوش آمدید کہا جائے گا،بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹائے، لوگوں کے حقوق بحال کیے جائیں، پوری کشمیری قیادت جو پابند سلاسل ہے اس کو رہا کیا جائے اور ہمیں کشمیری قیادت سے ملنے کی اجازت دی جائے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں،کشمیریوں کے جذبات کو روند کر مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھا جا سکتا،پاکستان کے عوام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں جب حقائق سامنے آئیں گے توخلیجی ممالک ساتھ دیں گے، بھارت نے صدر ٹرمپ کی خواہش اور مذاکرات کی دعوت کو مسترد کیا اس نے سکیورٹی کونسل کی قرارداد سے راہ فرار اختیار کی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیرِ خارجہ نے کہا پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن بھارت کی جانب سے مذاکرات کا ماحول دیکھائی نہیں دے رہا۔ایسے ماحول میں جہاں کرفیو نافذ ہے، لوگ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں، گینگ ریپ ہو رہے ہیں، لوگ قید و بند کی مصیبتیں برداشت کر رہے ہیں مجھے تو مذاکرات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دے رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹائے، لوگوں کے حقوق بحال کیے جائیں، پوری کشمیری قیادت جو پابند سلاسل ہے اس کو رہا کیا جائے اور انھیں کشمیری قیادت سے ملنے کی اجازت دی جائے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔اس جھگڑے کے تین فریق ہیں۔ بھارت ، پاکستان اور کشمیر۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر بھارت سنجیدہ ہے تو پہلے کشمیری رہنما وں کو رہا کرے اور مجھے اجازت دے کہ میں کشمیری قیادت سے مل پاں اور مشاورت کر سکوں۔ مجھے ان کشمیری قیادت کے جذبات دیکھنا پڑیں گے۔ ان کے جذبات کو پامال کر کے اور کشمیریوں کے جذبات کو روند کر مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھا جا سکتا۔شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان کے پاس جنگ کا کوئی آپشن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی جارحانہ پالیسی نہیں اپنائی اور اس کی ترجیح ہمیشہ امن ہی رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجود حکومت کو برسرِاقتدار آئے ہوئے ایک سال ہوا ہے اور اس عرصے کے دوران حکومت نے متعدد مرتبہ بھارت کو بیٹھ کر اس مسئلے کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے کو کہا کیونکہ جوہری ہتھیاروں کے حامل دو پڑوسی ممالک جنگ کا خطرہ مول نہیں لے سکتے، جنگ سے لوگوں کی بربادی ہو گی، دنیا بھی اس سے متاثر ہو گی، تو جنگ کوئی آپشن نہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی جس طرح 26 فروری کو کی گئی تھی تو افواج پاکستان بھی تیار ہیں اور قوم بھی۔ آپ نے دیکھا کہ ایک بڑا موثر غزنوی میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے، تو قوم بلکل تیار ہے۔پاکستان کی سفارتی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ ایک مسئلہ جو سالہا سال نظروں سے اوجھل رہا وہ سینٹرل سٹیج پر آ گیا ہے۔پوری دنیا میں اس پر بحث ہو رہی ہے۔ مغرب میں احتجاج ہو رہے ہیں اور سلامتی کونسل میں 54 برسوں بعد یہ معاملہ زیرِ بحث آیا ہے۔ جو مسئلہ بیک برنر پر تھا آج بین الاقوامی ہو گیا ہے۔خلیجی ممالک کی جانب سے کشمیر پر موثر آواز نہ اٹھانے اور متحدہ عرب امارت اور بحرین کی جانب سے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو ایوارڈز سے نوازنے پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خلیجی ممالک کے بھارت سے کاروباری روابط اور دو طرفہ تعلقات ہیں تاہم کشمیر کے معاملے پر ان کا موقف واضح ہے۔پاکستان کے عوام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں جب حقائق سامنے آئیں گے توخلیجی ممالک ساتھ دیں گے، خلیجی ممالک ہمارے دوست ممالک ہیں جنھوں نے آڑے وقت میں ہمارا ساتھ دیا جب پاکستان کی معیشت دبا میں تھی۔ پاکستان ڈیفالٹ کرنے والا تھا، قوم کو نہیں بھولنا چاہیے کہ کیا عرب امارات اس وقت ہماری مدد کو نہیں آیا تھا کیا سعودی عرب نے ساتھ نہیں دیا؟ آج لاکھوں پاکستانی سعودی عرب اور عرب امارت میں روزگار حاصل کر رہے ہیں کیا ان کی مالی ترسیلات نہیں آ رہی ہیں؟ جب آپ ایک رائے بناتے ہیں تو پوری تصویر کو سامنے رکھ کر بناتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں جب حقائق سامنے آئیں گے تو وہ(خلیجی ممالک )ساتھ دیں گے۔ انھیں توقع ہے کہ نیو یارک کشمیر گروپ کا جو اجلاس ہو گا اس میں سعودی عرب بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔ جب آپ اجلاس میں آتے ہیں تو ایک پوزیشن لیتے ہیں اور اس کے نتائج کا کوئی دستاویز ہو گا جو ان کے ذہن اور پالیسی کی عکاسی کرے گا۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی عوام کے آواز کی ترجمانی نہیں کرتی۔ انھوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک کے عوام کشمیریوں کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتے ہیں، حکمرانوں کے مصحلتیں ہوتی ہیں وہ دو طرفہ تعلقات دیکھ کر نپی تلی بات کرتے ہیں۔شاہ محمود نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عوام کی رائے سوچ کو بدل دیتی ہے اور جیسے جیسے حقائق سامنے آئیں گے ان کی رائے بدلے گی۔شاہ محمود قریشی نے نریندر مودی کے اس موقف کو مسترد کیا کہ کشمیر دو ملکوں کا آپس کا معاملہ ہے۔ یہ معاملہ دو ملکوں کا نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مانا گیا تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 11 قراردادایں موجود ہیں جس کے تحت انڈیا پابند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو کی تقاریر لوک سبھا کے ریکارڈ پر موجود ہیں جو 1948 اور 1951 میں بھارت کے مندوب تھے۔ ان کے خیالات قلمبند ہوئے ان کی تقاریر ریکارڈ کا حصہ ہیں جو اس کو تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ جب بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی پاکستان تشریف لائے تھے تو انھوں نے تسلیم کیا تھا کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور اسے لیے وہ کمپوزٹ ڈائیلاگ کا حصہ بنے۔ امریکہ کے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں وہ اس کو اپنا سٹریجٹک پارٹنر بھی سمجھتے ہیں اور اگر بھارت کی حکومت کو کوئی متاثر کر سکتا ہے تو وہ امریکہ کی حکومت ہے۔صدر ٹرمپ نے خود کہا کہ وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے اسے قبول کیا۔ بھارت نے صدر ٹرمپ کی خواہش اور مذاکرات کی دعوت کو مسترد کیا اس نے سکیورٹی کونسل کی قرارداد سے راہ فرار اختیار کی۔پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں کشمیر پر مذاکرات ہوئے اور یہ کہا گیا کہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے تاہم وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنرل مشرف کی حکومت میں بیک چینل پر کچھ پیش رفت ہوئی تھی تاہم اس میں سب سے بڑی قباحت یہ تھی کہ اس میں کشمیریوں کی آواز شامل نہیں تھی۔ آپ کوئی فیصلہ کشمیریوں کی رائے کے بغیر کیسے کر سکتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر یو این ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں ایک انکوائری کمیٹی بنانے کی تجویز تھی۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے کمیشن کو لکھا ہے کہ آپ آزاد کشمیر آئیں ہم معاونت کریں گے، آپ کو اجازت ہے جہاں چاہییں جائیں جس سے ملنا چاہیں ملیں۔ اس کے بعد اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں جائیں اگر بھارتی اس کی اجازت دیتے ہیں اور پھر یہ رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کریں۔ موجودہ صورت حال میں بھارت سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں کشمیر بڑی خبر بن چکا ہے ۔ کشمیر ایک ٹرینڈ بن چکا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر پر امریکی امور خارجہ کمیٹی کا اجلاس بڑی پیشرفت ہے ۔ اجلاس مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا ۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کریں گے انہوں نے کہا کہ امریکی امور خارجہ کمیٹی کا اجلاس پاکستان کے لئے مفید ثابت ہو گا ۔ پاکستانی امریکی کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے کو ہیومن رائٹس کونسل میں لے کر جا رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ہسپتال تک رسائی نہیں مل رہی ۔ مسئلہ کشمیر میں سیکرٹری او آئی سی سے بات ہوئی ہے ۔ہندو تھا فلسفہ میں اقلیتوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں ۔ دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خارجہ پالیسی پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ شاہ محمود قریشی سے بیلجیئم میں پاکستان کے نامزد سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ نے بیلجیئم کے نئے سفیر کو تعیناتی پرمبارکباد اور چند ضروری ہدایات دیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ بھارت میں مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن