• news

فواد چودھری کا موٹرسائیکل، رکشے بیٹری پر منتقلی کا اعلان: سستا منرل واٹر بھی تیار

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ملک بھر میں موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشوں کو الیکٹرانک سسٹم پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کونسل برائے قابل تجدید توانائی کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بجلی سے چلنے والا موٹرسائیکل اور رکشہ چلا کر دکھایا۔ انہوں نے پاکستان کونسل برائے قابل تجدید انرجی کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا پاکستان موٹر سائیکل استعمال کرنے والا دنیا کا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا اس سے الیکٹرانک موٹر سائیکل تیل کی بجائے بجلی سے چارج بیٹری سے چلے گا۔ جس سے فیول کی بچت ہوگی اور عوام کو بھی سہولت میسر آئے گی۔ یہ موٹرسائیکل ماحول دوست ہے۔ اس سے الیکٹرانک ٹیکنالوجی میں تبدیلی سے کاربن میں کمی آئے گی۔ ادھروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اعلیٰ معیار کا سستا منرل واٹر تیار کر لیا ہے۔ جس سے سرکاری دفاتر میں پینے کے پانی کا خرچہ بچانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک بیان میں کہا ہے پاکستان کونسل آف ریسرچ اینڈ واٹر ریسورسز نے "سیف ڈرنکنگ واٹر" کے نام سے منرل واٹر کی 500 ملی لیٹر کی بوتلیں تیار کرلیں۔ یہ منرل واٹر ابتدائی طور پر وزیراعظم آفس، جی ایچ کیو اور پارلیمنٹ ہاوس میں استعمال کے لیے بھیجا جائے گا۔ فوادچوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلٰی معیار کا سستا منرل واٹر متعارف کرایا ہے۔ سرکاری منرل واٹر پر صرف ایک روپے فی لٹر خرچہ آئے گا جبکہ مستقبل میں تمام سرکاری اداروں میں سرکاری منرل واٹر کا استعمال متعارف کرایا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں سستا منرل واٹر ملک بھر میں دستیاب ہوگا۔ پاکستان بھر کی تمام تحصیلوں سے پانی کے نمونے حاصل کرکے سروے مکمل کر لیا ہے۔ تمام تحصیلوں میں دستیاب پانی میں نمکیات کے مطابق پلانٹ لگائے جائیں گے۔ یہ پلانٹ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی خود تیار کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن