حافظ آباد: غیرت کے نام پر نوجوان مار ڈالا، ساتھی زخمی
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد کے نواحی گائوں وچھوکی کے قریب غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا، دوسرا شدید زخمی ۔ تفصیلات کے مطابق رب نواز اور علی حسن سکنہ محلہ شریف پورہ مختلف دیہات میں خواتین سے کڑھائی وغیرہ کا کام کرواتے تھے۔ گزشتہ روز وہ کسوکی میں محمد یونس کے گھر کڑھائی کے لئے کپڑے دینے گئے۔محمد یونس کو اپنے گھر کی کسی خاتون سے علی حسن کے ناجائز مراسم کا شبہ ہوا جس پر اس نے موٹر سائیکل سوار علی حسن اور اس کے ساتھی کا تعاقب کیا اور وچھوکی پل کے قریب ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں رب نواز اور علی حسن دونوں شدید زخمی ہونے کے بعد نہر میں جاگرے۔ رب نوازکوشش کرکے نہر سے زندہ نکل آیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ٹراما سنٹر منتقل کردیا جبکہ اٹھارہ سالہ علی حسن جاں بحق ہوگیا جس کی تاحال نعش نہ مل سکی ہے۔ دوسری جانب ملزم محمد یونس فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔