عمران نے کشمیر کی صورتحال پر موثر سفارتکاری نہیں کی: احسن اقبال
اسلام آباد / لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے کشمیر کی صورتحال پر موئثر سفارتکاری نہیں کی، وزیراعظم نے سارا زور اپوزیشن پر الزام تراشی میں لگا دیا، مودی کے اقدام کے بعد عمران خان کسی اسلامی ملک نہیں گئے۔ یو اے ای کے ولی عہد کو بھی 25 دن بعد فون کیا۔ وزیر خارجہ چین کے سوا کسی اور ملک نہیں جا سکے۔ دنیا کے دارالحکومتوں میں جانے کی بجائے ملتان چلے گئے۔ وزیراعظم کو دنیا بھر کے ہنگامی دورے کرنے چاہئیں تھے اور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بلیک آؤٹ ختم کرانا چاہئے تھا۔ دریں اثناء وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے احسن اقبال کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ اقامہ والے آج کشمیر پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اقامہ والے پانچ سال تک کلبھوشن کا نام تک نہ لے سکے اور مودی کو اپنی نجی دعوتوں میں شامل کرتے رہے۔ گزشتہ روز پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے باہر نکلا تو اس وقت ان میں سے ایک بھی نظر نہ آیا۔