• news

پاکستان پر حملہ آور ہونے والوں کو سمارٹ بموں سے اڑا دیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر بھارت آزادکشمیر یا لاہور کی طرف بڑھا تو ہم نے سمارٹ بم رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان پر حملہ آور ہونے والے بھارتی ٹینکوں، توپ خانوں اور فوجیوں کو سمارٹ بم سے اڑائیں گے۔ ہمارے پاس ہر سائز کا مسالہ ہے، چھوٹی گولی بھی ہے اور بڑی گولی بھی ہے، بھارت آئے تو سہی ہم تیاری سے ہیں۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے۔ آصف علی زرداری کے خیر خواہ کچھ دینے دلانے کو تیار ہیں، خود آصف زرداری نہیں۔ مسلم لیگ ن والے بھی کچھ دینے پر تیار ہوجائیں تو بات بن سکتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن لاک ڈائون کے بجائے کشمیر کشمیر کھیلیں گے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں مسلم لیگ ن ٹوٹنے جا رہی ہے۔ قیادت شہبازشریف کریں گے یا چودھری نثار کچھ نہیں کہہ سکتا۔ شیخ رشید کا کہنا ہے بھارت چاہتا ہے وہ مر جائیں لیکن بھارتی گھبرائیں نہیں وہ جب تک زندہ ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ سابق دورکے ڈھائی، تین ہزارکے قریب ملازمین کومستقل کر رہے ہیں، 7 ستمبر کو راجن پور اور ڈی جی خان کے ریلوے سٹیشنز کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے جناح ایکسپریس کے کرائے میں 500 روپے کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کشمیر سے متعلق لانگ مارچ میں میرے ساتھ ہوں گے، فضل الرحمن لاک ڈاؤن کے بجائے کشمیر کشمیر کھیلیں گے، خوشخبری دے رہا ہوں کہ کشمیر پر ساری پارٹیاں ایک ہونے جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن