5 اگست سے یکم ستمبر تک کشمیر میںجھڑپوں کے 300 سے زیادہ واقعات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) 5 اگست سے یکم ستمبر تک مقبوضہ کشمیر میں امن و امان میں خلل، جلسے جلوسوں اور پولیس و سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے 300 سے زیادہ واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے قدیم ترین انگریزی روزنامے کشمیر ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں پولیس نے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہے۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد کشمیریوں نے کرفیو کی مسلسل خلاف ورزیاں کی ہیں، امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے اور تین ہفتوں کے دوران امن و امان کی خرابی کے 300 واقعات ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ خراب صورتحال سرینگر میں ہے۔ اس کے علاوہ صورہ، نگین اور شوپیاں میں حالات پولیس کے قابو میں نہیں ہیں۔