رحیم یار خان‘ اے ٹی ایم توڑنے والا زیرحراست ملزم پراسرار طور پر ہلاک
رحیم یارخان، لیاقت پور (کرائم رپورٹر، نامہ نگار) رحیم یار خان پولیس کی حراست میں اے ٹی ایم توڑنے کا ملزم پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔ ملزم کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل نے اس خبرکو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تمام معلومات عوام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ رحیم یارخان سے کرائم رپورٹر کے مطابق چند روز قبل گوجرانوالہ کے رہائشی صلاح الدین کو شاہی روڈ پر واقع بنک کی اے ٹی ایم مشین توڑکر کارڈ چرانے کے دوران بنک منیجر کی نشاندہی پر گرفتارکیا گیا تھا، جس کی وارداتوں کی ویڈیوز اس سے قبل سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھیں صلاح الدین جو بظاہر گونگا اور بہرہ تھا‘ نے دوران تفتیش بولنا شروع کرتے ہوئے پولیس کو اپنی کی جانے والی وارداتوں کا اعتراف کیا تھا تاہم، صلاح الدین فاترالعقل محسوس کیا جاتا رہا جس نے حوالات میں فاترالعقل شخص جیسی حرکات شروع کررکھی تھیں۔ گزشتہ روز صلاح الدین کی حالت اچانک خراب ہوجانے پر اسے طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے صلاح الدین کی موت کی تصدیق کردی۔ بعد ازاں پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال کے سردخانہ منتقل کردی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمرسلامت نے صلاح الدین کی پراسرار ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو اپنی مرتب شدہ رپورٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو پیش کرے گی۔ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ایم ایس شیخ زید ہسپتال نے بتایا کہ صلاح الدین کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں پائے گئے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حقائق معلوم کرنے میں 2 ماہ تک لگ سکتے ہیں کیونکہ نمونہ جات ملتان اور لاہور کی لیبارٹریز میں بھجوائے گئے ہیں۔